پٹرول قیمت میں 50پیسے کمی مذاق،تحریک انصاف

پٹرول قیمت میں 50پیسے کمی مذاق،تحریک انصاف

عالمی منڈی میں نرخوں میں کمی کے باوجود عوام کو مکمل ریلیف نہ دینا افسوسناک وفاقی حکومت عوام کے جسم سے کھال کھینچنے کے مشن پر گامزن ہے ، راجا اظہر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر راجا اظہر نے کہا ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں صرف 50 پیسے کمی کو عوام کے ساتھ مذاق اور قیمتوں میں کمی کے نام پر دھوکا قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے جسم سے کھال کھینچنے کے مشن پر گامزن ہے ، فارم 47 کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی مہنگائی کا بم عوام پر گرایا، عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو مکمل ریلیف نہ دینا افسوسناک ہے ۔راجا اظہر نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نت نئے ٹیکس اور مہنگائی مسلط کررہی ہے ، ایک طرف جماعت اسلامی پٹرول کی قیمتوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے جبکہ دوسری جانب حکومت روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا رہی ہے ، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اپنی مہنگائی سے اور جماعت اسلامی شہریوں کو احتجاج سے تکلیف دینے پر قائم و دائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتیں بند ہونے کے دروازے پر پہنچ چکی ہیں اور کاروبار تباہ ہورہے ہیں، کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ صنعتیں بند ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ، بجلی، گیس اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے صنعتکاروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔ راجا اظہر کا کہنا تھا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث کاروبار سکڑ رہے ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ، حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...