میرپورخاص:آپریشن کے اگلے ہی روز دوبارہ تجاوزات قائم
نمرہ مسجد کے قریب سڑک پر بھی مافیا دوبارہ قبضے جمانے میں مصروف ہو گئیسابقہ، نئے قبضہ مافیا کے درمیان تصادم کا خدشہ،حکام نوٹس لیں، شہریوں کا مطالبہ
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) انسداد تجاوزات آپریشن کے اگلے ہی روز میرپورخاص میں گرین بیلٹ پر دوبارہ تجاوزات قائم ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث سابقہ اور نئے قبضہ مافیا کے درمیان ممکنہ تصادم کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن، گرین بیلٹ، چاندنی چوک، عیدگاہ اور دیگر علاقوں میں 15 ستمبر کو تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا، تاہم آپریشن کے ایک روز بعد ہی سیٹلائٹ ٹاؤن ٹنکی روڈ پر مبینہ طور پر نئے بااثر قبضہ مافیا نے گرین بیلٹ پر دوبارہ قبضے شروع کردیئے ۔ شہریوں کے مطابق ٹنکی روڈ کارنر پر کمیونی کیشن کے نام سے ایک بڑا پتھارا راتوں رات قائم کردیا گیا جبکہ گرین بیلٹ کے مختلف حصوں میں اینٹ، بجری، تعمیراتی سامان اور دیگر اشیا کے پکے پتھاروں سمیت ایک درجن سے زائد نئے پتھارے قائم ہوچکے ہیں۔ نمرہ مسجد کے قریب سڑک پر بھی مبینہ قبضہ مافیا دوبارہ اپنے قبضے جمانے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیو، میونسپل کارپوریشن کے انکروچمنٹ انچارج اور ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکریٹری کانجی مل، جن کی جانب سے دائر پٹیشن پر کارروائی جاری ہے ، سے مطالبہ کیا کہ گرین بیلٹ اور سڑکوں پر قائم پکے قبضوں کا فوری خاتمہ کیا جائے ، تجاوزات قائم کرنے والوں کا سامان ضبط کرکے جرمانے عائد کیے جائیں اور قانون کے مطابق مقدمات درج کیے جائیں تاکہ دوبارہ قبضوں کا سلسلہ روکا جاسکے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث سابقہ اور نئے قبضہ مافیا کے درمیان کسی بھی وقت بڑے تصادم کا خدشہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments