رورل ہیلتھ سینٹر بھٹ شاہ میں مریض بنیادی سہولتوں سے محروم
پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا،کھانے کی فراہمی بھی سوالیہ نشان بن گئی بجٹ استعمال میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں، ذرائع
مٹیاری (نمائندہ دنیا) رورل ہیلتھ سینٹر بھٹ شاہ میں مریض اور ان کے لواحقین بنیادی سہولیات سے محروم ، پینے کے صاف پانی کی قلت کا مسئلہ بھی تاحال حل نہ ہوسکا۔ علاج کے لیے آنے والے مریض دکانوں سے پانی خریدنے یا گھروں سے منگوانے پر مجبور ہیں، جبکہ اسپتال میں داخل مریضوں کے لیے کھانے کی فراہمی بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مریضوں کے کھانے کے لیے مختص بجٹ کے استعمال میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث مستحق مریضوں کو مقررہ سہولت کے مطابق کھانا فراہم نہ کیے جانے کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔مریضوں اور لواحقین کا کہنا ہے سرکاری بجٹ میں کھانے اور دیگر سہولیات کیلئے رقم مختص ہونے کے باوجود انہیں بنیادی ضروریات کیلئے بھی اپنی جیب سے اخراجات کرنا پڑ رہے ہیں، پینے کے پانی اور کھانے جیسی بنیادی ضرورت بھی اسپتال سے پوری نہیں ہو رہی، غریب اور دور دراز سے آنے والے مریض زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ رورل ہیلتھ سینٹر میں پینے کے پانی کی فراہمی، مریضوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے اور اس مد میں جاری سرکاری بجٹ کا فوری آڈٹ، شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments