جیکب آباد کے دوداپور فیڈر کی بجلی 2سال سے بند

جیکب آباد کے دوداپور فیڈر کی بجلی 2سال سے بند

200سے زائد دیہات بجلی سے محروم،مکینوں کا سیپکو کیخلاف مظاہرہ، دھرنا تمام دیہات کی بجلی فوری بحال اور ایس ڈی او کو ہٹایا جائے ، مظاہرین کا مطالبہ

جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد کے دوداپور فیڈر کی بجلی 2سال سے بند، 200سے زائد دیہات بجلی سے محروم، مکینوں کا سیپکو حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے دوداپور فیڈر کی بجلی گزشتہ دو سال سے منقطع کردی گئی ہے ، جس کی وجہ سے 200سے زائد دیہات بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔ دو برس سے بجلی بند ہونے کے خلاف علاقہ مکینوں نے دریا خان بروہی کی قیادت میں جیکب آباد، گڑھی خیرو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل ہوگئی۔ مظاہرین نے سیپکو حکام کے خلاف نعرے بازی کی اور ایس ڈی او کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ دو سال سے بجلی کی بندش کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں، گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ کاروباری اور زرعی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں جبکہ شدید گرمی میں بجلی کی عدم دستیابی نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہا مطالبات اور احتجاج کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ دوداپور فیڈر سے منسلک تمام دیہات کی بجلی فوری بحال کی جائے اور ایس ڈی او کو ہٹایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...