اسکیم 33 میں پانی کے 5 غیر قانونی کنکشن منقطع
پمپس، پائپس اور دیگر سامان سمیت واٹر ٹینکرکو تحویل میں لے لیا گیا رند گوٹھ میں 84 انچ قطر کی لائن کو پنکچر کرکے پانی چوری کیاجارہا تھا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز، ہائیڈرنٹس اور ٹینکر فلنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسکیم 33 کے رند گوٹھ اور مدینہ کالونی میں پانی کی لائنوں کو پنکچر کرکے قائم کیے گئے 5 غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے ، جبکہ پمپس، پائپس اور دیگر سامان سمیت ایک واٹر ٹینکر بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن کی سکیورٹی ٹیموں نے رند گوٹھ میں عمران میمن ولد اقبال کے زیر استعمال مقام پر کارروائی کرتے ہوئے 84 انچ قطر کی پانی کی لائن کو پنکچر کرکے قائم کیے گئے 3 غیر قانونی کنکشن منقطع کیے ، جن میں ایک 3 انچ اور دو 4 انچ کے کنکشن شامل تھے ۔ کارروائی کے دوران 2 بالٹی پمپس، 150 فٹ 4 انچ پلاسٹک پائپ، 15 فٹ 6 انچ لوہے کا پائپ اور ایک لوہے کا گیٹ تحویل میں لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اسی علاقے میں الحاق ولد جمعہ خان کے مقام پر 84 انچ پانی کی لائن سے قائم غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے 20 فٹ 3 انچ پلاسٹک پائپ بھی تحویل میں لیا گیا۔ مدینہ کالونی میں عبدالرحمن ولد سلطان کے مقام پر 6 انچ ڈسٹری بیوشن لائن کو پنکچر کرکے قائم کیا گیا 2 انچ کا غیر قانونی کنکشن منقطع کیا گیا، جبکہ 4 جنریٹر پمپس، ایک ڈونکی پمپ اور 2 فٹ 2 انچ پائپ تحویل میں لے لیے گئے ۔ واٹر ٹینکر نمبر JY-6383 بھی تحویل میں لیا گیا جبکہ ٹینکر ڈرائیور فراز کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments