ضبط گندم کی مبینہ خورد برد:اسسٹنٹ کمشنر سمیت4افسران معطل
افسران انسدادِ ذخیرہ اندوزی مہم کے دوران سرکاری تحویل میں لی گئی گندم کے غلط طریقے سے انتظام اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے چیف سیکریٹری نے معاملے کی شفاف اور جامع تحقیقات کیلئے معطل افسران و اہلکاروں کے کیسز وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم اور محکمہ اینٹی کرپشن سندھ کو بھجوا دیے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی گندم کی مبینہ خردبرد، بدانتظامی اور بے ضابطگیوں پر اسسٹنٹ کمشنر اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سمیت چار افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے ۔ اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق معطل کیے گئے افسران میں اسسٹنٹ کمشنر سوبھودیرو شاہ محمد، مختیارکار سوبھودیرو وقار شیخ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خیرپور مشتاق احمد شیخ اور انچارج پی آر سی رانی پور/فوڈ سپروائزر پیر بخش جونو شامل ہیں۔مذکورہ افسران انسدادِ ذخیرہ اندوزی مہم کے دوران برآمد اور سرکاری تحویل میں لی گئی گندم کی مبینہ خردبرد، غلط طریقے سے انتظام اور دیگر بے ضابطگیوں میں بادی النظر میں ملوث پائے گئے ۔۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے معاملے کی شفاف اور جامع تحقیقات کیلئے معطل افسران و اہلکاروں کے کیسز وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم (CMIT) اور محکمہ اینٹی کرپشن سندھ کو بھجوا دیے ہیں۔علاوہ ازیں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے رات گئے برنس روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور خوبصورتی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے مختلف مقامات پر جاری کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے پیش رفت کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرکے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ، جبکہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ برنس روڈ کو جدید طرز پر ایک منظم، خوبصورت اور معیاری فوڈ اسٹریٹ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ علاقے کی تاریخی شناخت اور ثقافتی اہمیت برقرار رکھتے ہوئے شہری سہولتوں، سڑکوں اور مجموعی ماحول کو بہتر بنایا جائے ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے برنس روڈ اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ان کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں صفائی، خوبصورتی اور آمدورفت کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔ دورے کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے برنس روڈ کے دکانداروں اور کاروباری برادری سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں۔ کاروباری برادری نے علاقے میں جاری ترقیاتی اور خوبصورتی کے کاموں پر سندھ حکومت سے اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی، میونسپل کمشنر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران بھی چیف سیکریٹری سندھ کے ہمراہ تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments