سونگل نالے کے اندر غیر قانونی تعمیرات منہدم کرنےکے لئےفوری اقدامات کی ہدایت
کمشنر کراچی کا مختلف علاقوں کا دورہ ،چکورا نالے کے دورے کے موقع پر عدم صفائی کا نوٹس ،گلستان جوہر میں ریلوے ٹریک پر تجاوزات منہدم کرنے کی کارروائی کا معائنہ بھی کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور پیشہ ور گداگر وں کے خلاف کارروائی کے لیے کراچی انتظامیہ کی مہم جاری ہے ۔اس ضمن کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جمعرات کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے اقدامات کا جائزہ لیا۔گلستان جوہر میں ریلوے ٹریک پر تجاوزات منہدم کرنے کی کارروائی کا معائنہ کیا۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر سونگل نالہ اور حبیب یونیورسٹی روڈ پر چکورا نالہ کے دورہ کے موقع پر نالوں کی عدم صفائی کا نوٹس لیا۔کمشنرکراچی نے اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال فراز عباسی کو ہدایت کی کہ وہ نالہ کے دونوں اطراف قائم فلیٹس کی ریز یڈنٹس ایسوسی ایشن کو تحریری طورپر آگاہ کریں کہ نالہ سے متصل فلیٹس کے مکین نالہ میں کچرا پھینکنے کی وجہ سے نالے کی صفائی میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں لہذا نالے میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔اور اگر نالے میں کچرا پھینکنے والے مکینوں کی نشاندہی ہو تو انہیں نوٹسز کے ذریعے آفس طلب کر کے تنبیہ کریں۔ سونگل نالے کے دورہ کے موقع پر کمشنر کو نالے کے اندر غیر قانونی طور پر بعض ملحقہ گھروں کے توسیع کی نشاندہی کی گئی ۔فیصلہ کیاگیا کہ ڈپٹی کمشنر غیر قانونی تعمیرات منہدم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے ،نالہ کی بہتر طور پر صفائی یقینی بنائیں گے ۔گلستان جوہر ریلوے ٹریک کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نصراللہ عباسی نے کمشنر کو بتایا کہ بیشتر کچی پکی تعمیرات منہدم کردی گئی ہیں جبکہ باقی ماندہ غیر قانونی تعمیرات کا بھی جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments