سندھ صوفیا، محبت اور رواداری کی دھرتی ہے ، وزیرِ اعلیٰ
ورلڈ کلچر فیسٹیول آرٹس کونسل،حکومتِ کے مضبوط اشتراک کا عکاس ،مرادشاہ فیسٹیول میں نامور فنکاروں کی شاندار پرفارمنس،شاہ جو راگ نے سماں باندھ دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل اور حکومتِ سندھ کے باہمی اشتراک سے سب سے بڑے ثقافتی میلے ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ تھے جبکہ تقریب میں میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیر سعید غنی، انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو، اسلام آباد اور کراچی میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں، قونصل جنرلز، سفارت کاروں، کارپوریٹ سیکٹر کے سربراہان اور نامور سماجی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز پر صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے تمام معزز مہمانوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن کا باضابطہ افتتاح کیا اور اندرون و بیرون ملک سے آئے تمام مندوبین کو صوبہ سندھ اور کراچی میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیا، محبت، بھائی چارے اور رواداری کی عظیم تاریخی دھرتی ہے اور یہ بین الاقوامی میلہ آرٹس کونسل اور حکومت سندھ کے مضبوط اشتراک کا عکاس ہے ۔ تقریب کے ثقافتی و فنی سیشن میں پاکستان، جاپان، برطانیہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا اور جرمنی کے نامور فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ نثار بلوچ نے تمبورے پر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام پر مبنی روایتی ‘شاہ جو راگ’ پیش کر کے محفل پر سحر طاری کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments