میرپور خاص:پاگل، آوارہ، خارش زدہ کتوں کی بہتات، شہری پریشان
بچوں، خواتین پرحملے کرتے ہیں، متعدد افراد زخمی، کتا مارمہم چلائی جائے ، شہری
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر کے مختلف علاقوں میں پاگل، خارش زدہ اور آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، کتوں کے غول گلیوں اور محلوں میں آزادانہ گھومنے کے باعث شہری خوف میں مبتلا ہیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر بچے ، خواتین اور دیگر شہری کتوں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں، محمودآباد سمیت شہر کے متعدد رہائشی علاقوں میں آوارہ کتوں کی یلغار کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا بھی دشوار ہو گیا ہے ، حالیہ واقعات میں پاگل کتوں نے تین شہریوں کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا جبکہ بچوں پر حملے کے دوران ان کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے۔
شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات اور کتوں کے حملوں کے واقعات کے باوجود میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ یونین کونسل کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی موثر اقدام دکھائی نہیں دے رہا، میئر عبدالرؤف غوری، یوسی چیئرمین میر علی رضا تالپور اور یوسی سیکرٹری میر عنایت کی جانب سے کتا مار مہم شروع کرنے اور شہریوں کو اس سنگین مسئلے سے نجات دلانے کیلئے موثر اقدامات نہ کیے جانے پر علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری کس ادارے پر عائد ہوتی ہے ، اگر شہری اپنے گھروں کے باہر اور گلیوں میں بھی محفوظ نہیں تو متعلقہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھنا فطری امر ہے ۔ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر، میئر اور متعلقہ یونین کونسل کے ذمہ داران سے کتا مار مہم چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments