آتشزدگی کے دو واقعات، فائر فائٹر جھلس کرزخمی
نارتھ کراچی میں گارمنٹس فیکٹری میں تیار اور خام کپڑے میں آگ لگی ایم اے جناح روڈ پر قائم پرائم سینٹر کی ایک دکان میں لگی آگ بھی بجھادی گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی صبا سینما کے قریب قائم گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگ گئی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سندھ اور کے ایم سی کے مجموعی طور پر چھ فائر ٹینڈرز ایک باوزر موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق متاثرہ فیکٹری دو منزلہ عمارت میں بنائی گئی ہے جس کی دوسری منزل پر رکھے تیار اور خام کپڑے میں آگ لگی تاہم آگ کو دوسری منزل تک ہی محدود رکھا گیا اور تین گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ کو بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر معمولی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔دوسری جانب ایم اے جناح روڈ پر قائم پرائم سینٹر کی ایک دکان میں آگ لگ گئی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی کے تین جبکہ ریسکیو 1122 سندھ کا ایک فائر ٹینڈر موقع پر پہنچا فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ اسپیئر پارٹس کی دکان میں لگی جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تقریبا ًنصف گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ کو بجھا کر کولنگ کا عمل بھی شروع کردیا گیا واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments