عالمی ثقافتی میلے میں یوگا سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد
شرکاء کو جسمانی لچک اور سانس کے درست استعمال پر مبنی بنیادی آسن سکھائے سویڈن کی نامور آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر مبنی خصوصی ورکشاپ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے تیرہویں روز آرٹ، یوگا، فلم اور تھیٹر کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز سویڈن کی نامور آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر مبنی خصوصی ورکشاپ سے ہوا، جبکہ آذربائیجان کی ٹرینر گونائی اسماعیلووا نے شرکاء کے لیے خصوصی یوگا سیشن منعقد کیا۔ دن بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں میں طلباء، نوجوانوں اور شائقین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر خصوصی ورکشاپ آرٹس کونسل کی لابی میں منعقد کی گئی، جس میں انہوں نے مختلف عملی اور تخلیقی مشقوں کے ذریعے شرکاء کو تربیت فراہم کی۔ ورکشاپ میں خاکہ سازی، بصری اظہار اور جدید فنکارانہ تکنیکوں پر توجہ دی گئی۔
شرکاء نے مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور فن کے ذریعے اپنے خیالات اور احساسات کے اظہار کی مشق کی۔خصوصی یوگا سیشن میں شرکاء کو جسمانی لچک، توازن اور سانس کے درست استعمال پر مبنی بنیادی آسن سکھائے گئے ۔ ٹرینر نے ذہنی تناؤ کے خاتمے اور اندرونی سکون کے لیے بریتھنگ ایکسرسائز، مختلف اسٹریچنگ پوز اور گائیڈڈ میڈیٹیشن کی تربیت فراہم کی۔ شرکاء نے جسمانی توانائی بحال کرنے ، فوکس بڑھانے اور توازن برقرار رکھنے کی مشقوں میں بھرپور دلچسپی لی۔فلم اسکریننگ میں پاکستانی پنجابی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ بھی فیسٹیول کا حصہ بنی۔ فلم میں ایکشن، مزاح، رومانس اور خاندانی جذبات کو پیش کیا گیا ہے ۔ فیسٹیول کے تیرہویں روز کا اختتام دو تھیٹر پلے ’’تعلیم بالغان‘‘ اور ’’بیگم جان‘‘سے ہوا۔ دونوں تھیٹر پلے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد آرٹس کونسل پہنچی۔ عوامی رش کے باعث ہالز اور آڈیٹوریم کے داخلی دروازے بند کرنا پڑے ، جبکہ حاضرین نے فنکاروں کی پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments