سیلانی نے مائن اینڈ منرلز کا جدید شعبہ بھی قائم کردیا

سیلانی نے مائن اینڈ منرلز کا جدید شعبہ بھی قائم کردیا

معدنیات کے منصوبوں کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کی جائے گیپہلے مرحلے میں بلوچستان کے 60نوجوانوں کوتربیت دی جائے گی

کراچی (این این آئی)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی اقدامات کی طرز پر مائن اینڈ منرلز کا جدید شعبہ بھی قائم کردیا ہے ، جس کے تحت بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو معدنیات کے شعبے میں فنی تربیت فراہم کرکے روزگار کے مواقع سے منسلک کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 60 نوجوانوں کے لیے تربیتی کورس کراچی میں شروع کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں اپنے اپنے اضلاع میں عملی تربیت دی جائے گی۔گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں حکومت کی خصوصی دعوت پر شرکت کرنے والا سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کا دس رکنی وفد کراچی واپس پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کی۔

مولانا بشیر فاروق قادری کے مطابق پریزنٹیشن کے دوران سیلانی کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فراہم کی جانے والی آئی ٹی تربیت اور مائن اینڈ منرلز کے شعبے میں مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جسے شرکا نے سراہا۔چیئرمین سیلانی کا کہنا تھا کہ نئے شعبے کے قیام کا مقصد بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کے نوجوانوں کو فنی مہارت فراہم کرکے ملک میں جاری اور مستقبل کے مائن اینڈ منرلز منصوبوں کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے ، تاکہ مقامی نوجوانوں کو اپنے علاقوں میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔اس سلسلے میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے تین اداروں ایچ ٹی ایم اے ، آل مائن ایسوسی ایشن اور کوماٹسو کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو مائن اینڈ منرلز کے مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ صنعت سے وابستہ کمپنیوں کی ضروریات کے مطابق مشترکہ نصاب بھی تیار کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...