نومولود بچوں کی شرح اموات چار سال کی کم ترین سطح پر آگئی

نومولود بچوں کی شرح اموات چار سال کی کم ترین سطح پر آگئی

سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی کے ماہرین کا شرح 12 فی ہزار تک لانے اور عالمی ہدف حاصل کرنے کا عزم پسماندہ علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کی ناکافی سہولتوں کے باعث اس ہدف کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے ،ڈاکٹر سید ریحان علی

کراچی (این این آئی)سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی (ایس آئی سی ایچ این) کے طبی مراکز میں گزشتہ چار برس کے دوران نومولود بچوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جناح اسپتال میں قائم مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کے سروے کے مطابق نومولود بچوں کی شرح اموات کم ہوکر 15 تک آگئی ہے ، جبکہ ادارے کے ماہرین نے آئندہ سال اسے مزید کم کرکے 12 فی ہزار تک لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ایس آئی سی ایچ این کورنگی کے نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹ (این آئی سی یو) کے سربراہ ڈاکٹر سید ریحان علی نے عالمی یومِ قبل از وقت پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایسے درجنوں بچے بھی اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئے جو پیدائش کے وقت ایک کلوگرام یا اس سے بھی کم وزن رکھتے تھے ، تاہم خصوصی طبی نگہداشت کے بعد صحت یاب ہوگئے ۔ڈاکٹر سید ریحان علی نے کہا کہ پاکستان میں نومولود بچوں کی اموات اب بھی صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہیں، جہاں ہر ایک ہزار زندہ پیدا ہونے والے بچوں میں سے تقریباً 37 زندگی کے ابتدائی 28 دنوں کے دوران انتقال کرجاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چار سال قبل ادارے نے نومولود بچوں کی اموات میں کمی کے لیے کوششوں کا آغاز کیا تھا اور اب اس حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہیں امید ہے کہ آئندہ سال تک شرح اموات مزید کم کرکے 12 فی ہزار تک لائی جاسکے گی اور اقوام متحدہ کا مقررہ عالمی ہدف 2030 سے بہت پہلے حاصل کرلیا جائے گا۔ان کے مطابق اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت 2030 تک نومولود بچوں کی شرح اموات زیادہ سے زیادہ 12 فی ہزار تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، تاہم پاکستان میں بالخصوص پسماندہ علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کی ناکافی سہولتوں کے باعث اس ہدف کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔

ڈاکٹر ریحان علی نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال ایک کروڑ سے زائد بچے قبل از وقت پیدا ہوتے ہیں۔ ایسے بچوں کو زندگی کے ابتدائی ہفتوں میں سانس لینے میں دشواری، انفیکشن اور دیگر طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہوسکتا ہے ، جس کے باعث انہیں خصوصی نگہداشت اور بعض اوقات طویل عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رکھنا پڑتا ہے ۔تقریب میں شریک ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں قبل از وقت پیدائش اور نومولود بچوں کی اموات کم کرنے کے لیے دورانِ حمل بہتر طبی نگہداشت، پیچیدہ حمل کی بروقت تشخیص، زیادہ خطرے والی حاملہ خواتین کو مناسب طبی مراکز منتقل کرنے اور نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹس تک رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...