برطانیہ سے اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات ، وزیراعلیٰ

برطانیہ سے اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات ، وزیراعلیٰ

برطانوی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہارمرادعلی شاہ سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ملاقات، تجارت بڑھانے پر اتفاق

کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برن نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن تھامس پیٹر ہیری برج اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر سندھ اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برن نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کے اعزاز میں منعقد ہونے والے نیشنل ڈے استقبالیے میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سندھ اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانا ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...