اسکول کی سطح سے ہی اخبار پڑھنے کی عادت پیدا کرنی چاہیے ،ارم تنویر
مختلف شعبوں میں خواتین کی شمولیت بڑھنے کے باوجود قیادت کے عہدوں پر نمائندگی کم
کراچی(سٹی ڈیسک)بچوں میں اسکول کی سطح سے ہی اخبار پڑھنے کی عادت پیدا کرنی چاہیے، کیونکہ اخبار خبروں کا مستند ذریعہ ہے ، جبکہ مختلف شعبوں میں خواتین کی شمولیت بڑھنے کے باوجود قیادت کے عہدوں پر ان کی نمائندگی اب بھی کم ہے ۔یہ بات پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کراچی کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر نے ویمن میڈیا سینٹر پاکستان (ڈبلیو ایم سی) کے زیرِ اہتمام پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ارم تنویر نے کہا کہ ماضی میں سول سروس میں 200 افسران میں صرف 24 خواتین ہوتی تھیںجبکہ پولیس سروس میں بھی خواتین کی شمولیت محدود تھی، تاہم اب خواتین پولیس سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے اثرات کے باعث ایسے نئے چیلنجز سامنے آئے ہیں جنہیں سنبھالنا اور ان سے نمٹنا آسان نہیں۔ اشتہارات کے شعبے میں بھی ڈیجیٹل میڈیا پہلے نمبر پر آ چکا ہے ، الیکٹرانک میڈیا دوسرے اور اخبارات تیسرے نمبر پر ہیں، تاہم اخبار آج بھی خبروں کا مستند ذریعہ ہے ۔اس موقع پر ویمن میڈیا سینٹر پاکستان کی بانی اور سی ای او فوزیہ شاہین نے کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے بغیر متوازن معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔ نیشنل اینڈومنٹ فار ڈیموکریسی کے تعاون سے منعقدہ ورکشاپ کا عنوان ’’امپاورنگ ویمن جرنلسٹس فار ڈیجیٹل ڈیموکریسی اینڈ میڈیا‘‘ تھا، جس میں خواتین صحافیوں اور شعبہ ابلاغِ عامہ کی طالبات نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments