حقوق اطفال کا تحفظ محفوظ معاشرے کی بنیاد ،وزیراعلیٰ
حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے بچوں کی مفت اور لازمی تعلیم کے قانون پر عملدرآمد جاری ہے ،پیغام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ہی ایک محفوظ معاشرے کی بنیاد ہے اور بچے قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ اطفال کا تھیم \\\"میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل\\\" ہے ، جو بچوں کے حقوق، تحفظ، آواز اور ان کے بہتر مستقبل کے عزم کو اجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر تربیت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ صوبائی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے ذریعے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔
جبکہ بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے حکومتِ سندھ اور یونیسف کی مشترکہ کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بچوں کی مفت اور لازمی تعلیم کے قانون پر عملدرآمد جاری ہے اور حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں کوشاں ہے ۔ صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیو مہمات میں ہر بچے کی ویکس ینیشن یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور انہیں خودمختار بنانے کے لیے بھی مسلسل کام کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments