وفاقی حکومت اور دیگر کے خلاف سول وعویٰ ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد

وفاقی حکومت اور دیگر کے خلاف سول وعویٰ ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد

ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار نے اپنے حق میں جائیداد کی ملکیت کا کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا،سینئر سول جج جنوبی کی عدالت کا فیصلہکے ایم سی اور ریلوے کے درمیان 53 ایکڑ اراضی کے تنازع سے متعلق ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پر وکلا کے دلائل سنے، فیصلہ محفوظ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر سول جج جنوبی نے وڈو اخارو ٹرسٹ کی جانب سے وفاقی حکومت اور دیگر کے خلاف دائر سول دعویٰ ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متنازعہ جائیداد غیر متروکہ جائیداد ہے اور متروکہ وقف املاک بورڈ نے اسے غیر قانونی طور پر سیل کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جائیداد کے تمام قابضین ٹرسٹ کو کرایہ ادا کر رہے ہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ معاملے میں شہادت ریکارڈ کرنے کی ضرورت ہے ، اس لیے مقدمہ قابلِ سماعت ہے ۔ دوسری جانب متروکہ وقف املاک کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ متنازعہ جائیداد بورڈ کی ملکیت ہے اور ایسی جائیداد سے متعلق معاملات میں سول عدالت کو اختیار سماعت حاصل نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار نے اپنے حق میں جائیداد کی ملکیت کا کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ایویکی ٹرسٹ پراپرٹی کراچی نے جائیداد کے قابضین کو اپنے دفتر میں ثبوت کے ساتھ پیش ہونے کا نوٹس دیا تھا تاکہ انہیں متروکہ وقف املاک کی انتظامیہ کے تحت کرایہ داروں کے طور پر ریگولرائز کیا جا سکے۔

عدالت نے قرار دیا کہ جائیداد کی ملکیت کے حوالے سے درخواست گزار اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے درمیان تنازع موجود ہے اور قانون کے تحت سول عدالت کو ایسے دعوؤں کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مختلف عدالتی نظائر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت ناقابلِ سماعت مقدمے میں شہادت ریکارڈ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں اور ایسے مقدمے کو ابتدا ہی میں ختم کیا جا سکتا ہے ۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے کے ایم سی اور ریلوے کے درمیان 53 ایکڑ اراضی کے تنازع سے متعلق ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پر وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل شوکت علی شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ ریلوے نے کے ایم سی سے حاصل کی گئی زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے 53 ایکڑ اراضی الاٹ کی، جبکہ متنازع اراضی سندھ حکومت نے سفاری پارک کے لیے مختص کر رکھی ہے۔ کے ایم سی نے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے ۔دوسری جانب ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سول کورٹ 2005 میں ہی ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے ۔عدالت نے اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...