سرویکل کینسر سے بچائو ، شا دی سے قبل خواتین کیلئے ویکسین نا گزیر
مرض کی مکمل طور پر روک تھام ممکن ہے :ڈاکٹر نور ین ، ڈاکٹر آصف کلیم کی بر یفنگ
لاہور(سٹاف رپورٹر)سرویکل کینسر گلوبل کرائسز کارڈ میں پاکستان کو اموات کے تناسب سے 50 بڑے ممالک کی فہرست میں 7 ویں درجے پر شمار کیا گیا ہے ۔ یہ بات سرویکل کینسر کیخلاف کام کرنے والی تنظیم یو اے سی سی کے زیر انتظام لاہور میں کینسر کے عالمی دن کے تناظر میں سرویکل کینسر سے آگا ہی کے بارے میں منعقد کی جانے والی پریس بریفنگ میں بتائی گئی۔ڈاکٹر نورین ظفرنے کہا کہ سرویکل کینسر دنیا میں خواتین کو لاحق ہونے والادوسرا سب سے عام کینسر ہے اور خواتین کی کینسر سے اموات کی تیسری سب سے بڑی وجہ ہے ، ہر سال تقریباً 2 لاکھ 75 ہزار خواتین اس کینسر سے ہلاک ہوجاتی ہیں جبکہ 5 لاکھ نئے کیسز دنیا بھر میں سامنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرویکل کینسر کی مکمل طور پر روک تھام ممکن ہے ۔ ڈاکٹر آصف کلیم شیخ نے کہا کہ ہر خاتون کو خطرہ لاحق ہے ، ویکسین کا بہترین وقت شادی سے قبل ہے تاہم نو سال سے زائد عمر کی ہر لڑکی سرویکل ویکسین سے فائدہ اٹھا کر کینسر سے محفوظ رہ سکتی ہے ۔