دالیں، چنے اور بیسن 15 سے 30روپے کلو تک مہنگے

دالیں، چنے اور بیسن 15 سے  30روپے کلو تک مہنگے

لاہور(کامرس رپورٹر،ایجنسیاں)ضلعی حکومت نے اشیائے خورونوش کی لسٹ جاری کر دی جس میں مختلف دالوں کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔

اوپن مارکیٹ میں چاول اور دالیں پہلے ہی حکومت کی جاری کردہ فہرست سے مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔ ضلعی حکومت کی لسٹ کے مطابق چاول باسمتی سپر ( نیا)کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا ،اس کی ہول سیل قیمت280 اورپرچون میں290 روپے بر قرار رکھی گئی ، تاہم اوپن مارکیٹ میں کسی جگہ بھی سپر باسمتی چاول ( نیا)290روپے کلو میں دستیاب نہیں ۔دال چنا ( باریک) پرچون میں 30روپے اضافے سے 225 ،دال چنا ( سپیشل) 30روپے اضافے سے 240 ، دال مسور (موٹی) 15روپے اضافے سے 305 ،دال ماش دھلی ہوئی (امپورٹڈ) کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا اور پرچون میں530روپے بر قرار رکھی گئی ۔مونگ دال ( چھلکے والی) 30روپے اضافے سے 280 ،کالا چنا ( موٹا ) لوکل 30روپے اضافے سے 235 ،کالا چنا ( باریک)لوکل 30روپے اضافے سے 220 ،سفید چنا امپورٹڈ ( موٹا ) 20روپے اضافے سے 330 ،بیسن 30روپے اضافے سے 240روپے کلو مقرر کر دیا گیا ۔لسٹ میں دودھ کی فی لٹر قیمت160روپے مقرر کی گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں کہیں بھی اس ریٹ پردرستیاب نہیں،دہی کی قیمت180روپے کلو مقرر کی گئی،بعض مقامات پر 200 سے 220روپے کلو فروخت کیا جارہا ۔سرکاری نرخنامے میں چھوٹا گوشت (ہڈی والا) کی قیمت1600روپے کلو مقرر کی گئی تاہم یہ 2000سے 2200 روپے کلو فروخت ہو رہا ،بڑا گوشت (ہڈی والا) کی قیمت800 روپے مقرر کی گئی ،اوپن مارکیٹ میں 900 تک فروخت ہو رہا ، روٹی 100گرام 20روپے جبکہ سادہ نان 120گرام کی قیمت25روپے مقرر کی گئی تاہم نان 30روپے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ دکانداروں کا موقف ہے حکومت جو ریٹ لسٹ جاری کرتی ہے اس کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، حکومت ریٹ لسٹ کے مطابق فراہمی یقینی بنا دے ہم فروخت کیلئے تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں