صوبے بھر میں صفائی نظام کو پرائیویٹائز کرنے کا حکم

صوبے بھر میں صفائی نظام کو پرائیویٹائز کرنے کا حکم

لاہور(عمران اکبر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو پیش کی جانے والی سورس رپورٹ نے پنجاب بھر میں روزانہ 57 ہزار میٹرک ٹن کوڑا گلی محلوں، پلاٹوں اور سڑکوں پر موجود ہونے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔۔۔

صرف 18 ہزار میٹرک ٹن کوڑا ڈمپ کیا جاتا ہے، وزیراعلیٰ ٰنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صفائی نظام کو پرائیویٹائز کرنے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ نے افسروں کوحکم جاری کیاکہ مجھے صرف لاہور نہیں پورا پنجاب صاف چاہئے جس پر محکمہ بلدیات پنجاب نے 4ماہ کا وقت مانگ لیا۔وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق لاہور میں 6ہزار میٹرک ٹن کوڑا روزانہ ڈمپ کیا جارہا ہے جبکہ صرف 12ہزار میٹرک ٹن کوڑا پورے پنجاب سے ڈمپ ہوتاہے ،اکثر شہروں کی سڑکوں ،گلیوں ،کھلے پلاٹوں اور گراؤنڈ زمیں کوڑاکرکٹ پڑا رہتاہے ۔مریم نواز شریف نے رپورٹ کی بنا پرپورے صوبے میں صفائی نظام یکم جولائی تک آؤٹ سورس کرنے کا حکم جاری کردیا ۔سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں کا کہنا ہے کہ لاہور کی طرز پر پنجاب بھر میں صفائی کا مربوط نظام قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں نئی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں فعال کردی گئی ہیں،اضلاع میں پہلے سے سالڈ ویسٹ کمپنیاں موجود ہیں وہ ضلع کے بجائے ڈویژن کی سطح پر کام کریں گی،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دائرہ کار بھی ڈویژنل سطح تک کرنے کا فیصلہ کرلیاگیاہے ،اب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی قصور ، ننکانہ اور شیخوپورہ میں بھی صفائی کی ذمہ دار ہوگی۔ان کا کہناتھاکہ صفائی نظام کو آؤٹ سورس کرنے کیلئے پری بڈنگ مکمل کرلی گئی ہے ۔صفائی کے نظام کو2012 میں پرائیویٹائز کیا گیا تھا جبکہ 2020 سے چار سالوں تک حکومت نے صفائی کا نظام خود چلایا اوراب دوبارہ صفائی کو کنٹریکٹرزکے سپرد کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں