حکومت پاکستان کی نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور:علما

حکومت پاکستان کی نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور:علما

لاہور(سپیشل رپورٹر،سیاسی نمائندہ)ملی مجلس شرعی میں شامل تمام مکاتب فکر کے علما نے تعلیمی اداروں میں طلبا کے درمیان موسیقی کے مقابلوں کو آئین اور پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی کھلی خلاف ورزی قراردیا اور اس اقدام کی مذمت کی۔

علما کا کہنا تھا حکومت فوری طور پر تعلیم اداروں میں موسیقی کے مقابلوں پر پابندی لگائے ،ہم پاکستان میں لبرل ازم کو پروموٹ نہیں ہونے دیں گے ۔ملی مجلس شرعی میں شامل علما صدر مولانا زاہد الراشدی ، جنرل سیکرٹری مولاناڈاکٹر محمد امین ،مولانا عبدالرؤف ملک، مولانا سردار محمد خان لغاری، مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،ڈاکٹرمفتی محمد کریم خان اور دیگر نے مزید کہا حکومت چاروں طرف سے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہے اور فیٹف سے نکلنے کے لئے لبرل مافیا کو مسلط کرنا چاہتی ہے ، جو ہم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے ، ، تعلیم نظام اورنئی نسل کو بھی بچائیں گے اور ملک کی نظریاتی سرحدوں پر بھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ، اس کے لئے سڑکوں پر بھی آنا پڑا تو آئیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں