غیر ملکی قرضے کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے :ٹیکس ایڈوائزرز

 غیر ملکی قرضے کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے :ٹیکس ایڈوائزرز

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے 131.2ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے کا فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا۔۔۔

 قوم کو بتایا جائے یہ قرضے کس کس تناظر میں خرچ کئے گئے ،قرضوں پر اربوں روپے کا سود بھی ادا کیا جارہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم کو بتایا جائے غیر ملکی قرضوں سے کونسے منافع بخش منصوبے لگائے گئے جن سے پاکستان کی ترقی ہوئی یا وہ منصوبے ملکی آمدن میں اضافہ کر رہے ہیں۔اگر آمدن سے زیادہ قرضے وصول کئے گئے ہیں تو اصل رقم کہاں ہے جس کی پاداش میں تمام آمدن سود کی ادائیگیوں میں چلی جاتی ہے ۔قوم کو یہ بھی بتایا جائے کہ ان قرضوں کے نتیجے میں پاکستان کے انفراسڑکچراور منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے کیا مالی معاشی فوائد حاصل ہوئے ۔ انہوں نے کہا اگر پاکستان کو کو ئی مالی یا معاشی فوائد حاصل نہیں ہوئے تو مزید قرض لینے پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ قرض ترقی خوشحالی کیلئے لئے جاتے ہیں سود کی ادائیگیوں کیلئے نہیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں