حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے:جماعت اسلامی

حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے:جماعت اسلامی

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے نظریے اور بیا نیے کے ساتھ کھڑی ہے۔

ملک کے اند رفارم 47 کی حکومت قائم ہے جو کہ عوامی میندیٹ کی توہین ہے۔ ہم عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے ۔آج بھی کسانوں کے حقوق کی خاطر سٹرکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ملک میں اصل اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مالی بدعنوانی،ٹیکس چوری، حوالہ ہندی، سمگلنگ میں ملوث افراد کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا۔ بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، چینی، آٹا سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔ مہنگائی کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے ۔ ملک و قوم آج جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس میں سب سے بڑا ہاتھ کرپٹ ٹولے کا ہے ۔ حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، مہنگائی کے ستائے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا کہ پورا نظام ہی کرپشن کی نذر ہو چکا ہے ۔مافیا نے سسٹم کو یرغمال بنایا ہوا ہے ، کبھی آٹا مافیا، کبھی چینی مافیا، پٹرول مافیا،اجناس مافیا، لینڈ مافیا اورفارماسو ٹیکل مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں