ہیلتھ اور ٹورازم سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 2 ارب کی منظوری
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے سترہویں اجلاس میں ہیلتھ ار ٹورازم سیکٹرز کی 2 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 10 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی، ان میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کئیر لاہور کے پرانے بلاکس کی ری ویمپنگ کیلئے 2 ارب روپے اور کوٹلی ستیاں میں ماحول دوست پارک کے قیام، پیرا گلائیڈنگ سائٹس کی نشاندہی اور پرائیویٹ آپریٹر کیلئے قواعد و ضوابط کی فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 10 لاکھ روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ ناصر اقبال ملک، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔