لیبر کوڈ لایاگیاتو شدید مزاحمت کرینگے :مزدور تنطیمیں
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) حکومت کی طرف سے اگر یک طر فہ طور پر پنجاب لیبر کوڈ لانے کی کوشش کی تو مزدور تنظیمیں شدید مزاحمت کریں گی۔اِن خیالات کا اظہار لیبر الائنس اینٹی پنجاب لیبر کوڈ 2024کے اجلاس منعقدہ بشیراحمد بختیار لیبر ہال نسبت روڈ لاہورمیں کیا گیا۔
جس کی صدارت محمد حنیف رامے کوآرڈینٹر لیبر الائنس پنجاب نے کی۔مزدور نمائندگان نے متفقہ طور پر آئی ایل او کے تعاون سے تیار کردہ پنجاب لیبر کوڈ 2024 کو نامنظور کیا اور واضع طور پر اعلان کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے مزدور دشمن لیبر کوڈ لانے کی کوشش کی گئی تو اسکی شدید مزاحمت کی جائے گی۔اجلاس میں ای او بی آئی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ پنشنرز کے مسائل کو حل کیا جائے کیونکہ مختلف ریجن کے اندر ورکرز کے ساتھ بہتر سلوک نہیں کیا جاتا اور سال ہا سال سے ورکرز کی فائلز زیر التوا پڑی رہتی ہیں مگر پنشن نہیں لگائی جا رہی،جس کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے ۔