چودھری شافع کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر اور ایرانی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی جس میں گزشتہ ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون اور تجارت کے حوالے سے طے پانے والے امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران ادویہ سازی،زراعت،صحت،انرجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات پر اتفاق ہوا۔ایران کی ٹریکٹر بنانے والی تبریز کمپنی نے چودھری شافع حسین کو دورے کی دعوت دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ادویہ سازی،توانائی اور زرعی آلات کی مینو فیکچرنگ کا بڑا پوٹینشل موجود ہے ،ایران اور پاکستان کی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کواشتراک کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تجارتی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ باہمی روابط اور ملاقاتوں سے تجارتی تعاون کو فروغ ملے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت کے کاوشوں سے ایران اور پنجاب کے مابین تجارتی تعاون بڑھ رہا ہے اور دونوں جانب کے سرمایہ کار اور تاجروں کے مابین اشتراک بڑھ رہا ہے ۔ماہر اقتصادیات اور ایران کی وزارت داخلہ کے ایڈوائزر رحیم ساقی،ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عمران ہاشمی،ایران اور پنجاب کے سرمایہ کار ملاقات میں موجود تھے ۔