ایل ڈی اے :ادھار لیکر 4 سڑکیں بنانے کی تیاری

ایل ڈی اے :ادھار لیکر 4 سڑکیں بنانے کی تیاری

لاہور(شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے نے 4سڑکوں کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت سے فنڈ ادھار لینے کا فیصلہ کر لیا، 11 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ قرضہ حسنہ کے طور پر 2سال کیلئے لی جائے گی۔

ایل ڈی اے نے متوازی سڑکوں کی تعمیر کیلئے رواں مالی سال فنڈز کے اجرا کی استدعا کر دی۔ تفصیل کے مطابق شہر میں فی الفور4نئی سٹرکچرل پلان روڈز(متوازی سڑکوں) کی تعمیر کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ وسطی لاہور میں ٹریفک دباؤ پر قابو پانے کے لئے سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جن کی گورننگ باڈی نے بھی منظوری دے دی۔ پنجاب گورنمنٹ سے گرانٹ ان ایڈ سافٹ لان کے تحت دو سال کیلئے فنڈز لئے جائیں گے ،متوازی سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ ایکسپو سے خیابان جناح روڈ کی تعمیر کیلئے 4 ارب 60 کروڑ ،ایکسپو سے رنگ روڈ 6ارب 20 کروڑ، بھلہ چوک سے ڈاکٹرز ہسپتال 45 کروڑ ،خیابان فردوسی سے نظریہ پاکستان روڈ تک نئی سڑک تعمیر کرنے کے لئے 23 کروڑ 70 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں