ایل ڈی اے11سال سے کرپشن الزامات کا دفاع نہ کرسکا
لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے 11 سال میں کرپشن الزامات کا دفاع نہ کرسکا، آڈٹ پیروں کا جواب دینے سے قاصر رہا۔ دستاویزات کے مطابق ایل ڈی اے کی مبینہ نااہلی کا ایک اور کیس منظر عام پر آگیا۔
مختلف شعبوں میں مبینہ کرپشن، بے ضابطگیوں اور ناقص کارکردگی کے حوالے سے لگنے والے آڈٹ پیروں کا ایل ڈی اے 11سال میں بھی دفاع نہ کرسکا،اس دوران 219 آڈٹ پیرے لگائے گئے اور ایل ڈی اے کو 13 ارب 3 کروڑ روپے کی ریکوری کے احکامات بھی دئیے گئے مگرایل ڈی اے صرف 21 آڈٹ پیروں کے جوابات دے سکا جبکہ198 کے جوابات تاحال داخل نہیں کر ائے جاسکے ۔ 11سال میں صرف 2 ارب 88 کروڑ روپے کی ریکوری کی جاسکی جبکہ آڈٹ پیروں کے مطابق 10 ارب 42 کروڑ روپے کی ریکوری نہیں کی گئی۔محکمہ آڈٹ نے ترقیاتی کاموں کی مد میں ادائیگی، کمرشل فیس، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ پیریڈ کی توسیع پر اعتراضات اٹھائے تھے مگر اتھارٹی انتظامیہ نے ان اعتراضات کے جوابات دینے کے بجائے فائلیں ہی دبا لی ہیں۔