یونیک گروپ کے زیراہتمام مقابلہ کلام اقبال کاانعقاد
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر ) یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام مقابلہ کلام اقبال کا انعقاد ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں کیا گیا۔
جس کی صدارت چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان خرم نے کی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری روشدہ لودھی، ممبر صوبائی اسمبلی آمنہ شیخ، معروف اقبال سکالر بریگیڈیئر وحید الزماں، معروف گلوکار عارف لوہار، اذان علی بگا، شازیہ منظوراور شبنم مجید نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تحریک کو پروان چڑھایا ۔تقریب میں معروف گلوکاروں عارف لوہار، اذان علی بگا، شازیہ منظوراور شبنم مجیدنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر کلام اقبال کے فاتح طلبا اور ان کے اساتذہ کو انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔