سٹیشن پرناقص انتظامات ،وزیر ریلوے کا اظہار برہمی
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جمعہ کو لاہور ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ملازمین کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر ریلوے نے سٹیشن پر موجود مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے انتظامی امور پر سخت سوالات کئے ۔دورے کے دوران وزیر ریلوے نے صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صائمہ ممتاز کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ سٹیشن ماسٹر لاہور کو بھی ملازمین کی غیر حاضری اور مجموعی غفلت پر سرزنش کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر ریلوے سٹیشن سے واشنگ لائن تک پیدل گئے اور وہاں بھی عملے کی کم تعداد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام غیر حاضر ملازمین کو فوری طور پر ریلوے کے گھروں سے واپس بلانے کی ہدایت جاری کی۔