کم پولی ، شاہ پور کانجراں سمیت 6 مویشی منڈیوں کے ٹھیکے منسوخ

کم  پولی  ، شاہ  پور کانجراں  سمیت  6 مویشی  منڈیوں  کے ٹھیکے  منسوخ

لاہور (عمران اکبر ،اپنے نامہ نگار سے )کم بولی پر لاہورکی شاہ پور کانجراں سمیت6 مویشی منڈیوں کے ٹھیکے منسوخ کر دئیے گئے ۔

ای ٹینڈرنگ میں کم بولی آنے پر پنجاب حکومت کیٹل مینجمنٹ کمپنی سے نالاں ہو گئی،شاہ پور کانجراں منڈی پچھلے سال کی نسبت 49 کروڑ روپے کم قیمت پر دی گئی،گزشتہ سال منڈی ایک ارب 99 کروڑ جبکہ اس سال ڈیڑھ ارب بولی دی گئی۔ کمپنی نے ازخود ہنگامی اجلاس بلا کر ای ٹینڈرنگ پر شفاف کنٹریکٹ آنے کے باوجود ٹھیکہ منسوخ کر دیا۔ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں چیئرمین سمیت 25ممبران نے متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے منڈیوں کی نیلامی منسوخ کر دی ۔ لاہور ڈویژن کی ماڈل مویشی منڈی شاہ پور کانجراں ،فیصل آباد ڈویژن کی نلکا اڈا اور شورکوٹ ،سرگودھا ڈویژن کی بن حافظ جی ،بہاولپور ڈویژن کی حاصل پور جبکہ راولپنڈی ڈویژن کی دینہ مویشی منڈی کی بولی منسوخ کی گئی۔ چیئر مین ابراہیم طارق شفیع کا کہنا تھا منسوخ کی گئی مویشی منڈیوں کی نیلامیاں 10 جون تک کر ا دی جائیں گی۔اپنے نامہ نگار سے کے مطابق شاہ پور کانجراں مویشی منڈی کے کم ٹھیکے کے حوالے سے جب چیف ایگزیکٹو آفیسر کیٹل مارکیٹ کمپنی تاثیر احمد سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا اس منڈی پر زیادہ فوکس نہ کریں دیگر منڈیاں ہم نے بہتر ریٹ پر دیدی ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ آن لائن منڈی کے ٹھیکے سے متعلق کئی سوالات اٹھ رہے تھے ، لیکن متعلقہ کمپنی حکام اس پر مزید بات کرنے کے بجائے دیگر منڈیوں پر بات کرنے لگے ۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ دی گئی کہ یہ ملک کی سب سے بڑی اور ماڈل کیٹل مارکیٹ منڈی ڈکلیئر کی گئی ہے لیکن بولی سے متعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ نہیں کیا گیا ، ذرائع کا مزید کہنا تھا مریم نوازشریف کو ادھوری بریفنگ دی گئی،یکطرفہ بریفنگ دیکر افسروں میں شیلڈز تقسیم کر ادی گئیں۔ اس معاملے کی خبر سامنے آنے پر پنجاب کیٹل مینجمنٹ کمپنی کی بورڈ میٹنگ ہوئی جس میں پہلے معاملات کو دبانے کی کوشش کی گئی لیکن معاملہ بے نقاب ہونے پر یہ ٹھیکہ منسوخ کر کے دوبارہ ٹھیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے سی ای او تاثیر احمد کا کہنا ہے کہ اب دوبارہ ٹھیکہ دیا جارہا ہے تاکہ جو نقصان ہوا ہے اس کو پورا کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں