وزیراعظم کی ژجیانگ میں وانگ ہاؤ سے اہم ملاقات، کئی معاہدوں پر دستخط
ہانگژو:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آج ہانگژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی ) ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری مسٹر وانگ ہاؤ سے ملاقات ہوئی، مسٹر وانگ ہاؤ نے وزیراعظم کو ژجیانگ صوبے میں خوش آمدید کہا۔
شہباز شریف نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور صدر شی جن پنگ کی اُس دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے CPC ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری کی حیثیت سے انجام دی، وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیش کردہ ’ صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں‘ کے تصور بالخصوص کی تعریف کی۔
اُنہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی ایک زندہ مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو کس طرح ایک دوسرے کے معاون انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ خصوصاً ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی سطح پر تعاون پاکستان-چین تعلقات کا ایک اہم ستون ہے اور یہ صنعتی تعاون، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز 2 کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اُنہوں نے تعاون پر مبنی دو اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی،پہلی دستاویز ژجیانگ صوبے اور صوبہ پنجاب کے درمیان سسٹر- پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) تھی، اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے درمیان چین-پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پاکستان و چین کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔
مزید برآں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔