صمود فلوٹیلا میں شامل سعد ایدھی وطن واپس پہنچ گئے

کراچی: (دنیا نیوز) غزہ امدادی قافلے صمود فلوٹیلا میں شامل سعد ایدھی وطن واپس پہنچ گئے۔

اسرائیلی فوج کی حراست سے رہائی کے بعد سعد ایدھی کی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد ہوئی، سعد ایدھی نے صمود فلوٹیلا قافلے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

غزہ امدادی مشن کے دوران اسرائیلی فوج نے قافلے پر کارروائی کی تھی، کارروائی کے دوران پاکستانی سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے کئی ارکان کو حراست میں لیا گیا تھا۔

سعد ایدھی، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے صاحبزادے ہیں، استقبال کے موقع پر شہریوں نے فلسطین کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

سعد ایدھی نے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے امدادی مشن میں شرکت کی تھی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعد ایدھی نے کہا کہ ہم 48 گھنٹے قید میں رہے، ہمارا سفر 14 مئی کو شروع ہوا، غزہ سے دور 200 ناٹیکل مائل پر گرفتار کیا، 2 راتیں بحری جہاز پر گزاریں۔

سعد ایدھی نے کہا کہ 180 افراد قافلے میں تھے، 35 افراد زخمی ہوئے، 15 افراد کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، کھانے میں ڈبل روٹی اور پانی دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مجھ پر تشدد کیا، 3 روز بعد اسرائیل پہنچے وہاں پر بھی تشدد کیا گیا، جیل میں بند کیا، جیل پورٹ پر تھی۔

سعد ایدھی نے کہا کہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ہم کب آزاد ہوں گے، سیل میں بند کردیا، میں نے بھوک ہڑتال کی، پانی پی کر صبر کیا، ہمیں ایئر پورٹ لایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں