مودی سرکار کشمیری نوجوانوں کا خون بہا رہی ہے: مشعال حسین ملک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کشمیری نوجوانوں کا خون بہا رہی ہے۔

مشعال حسین ملک کی “سیو یاسین ملک” مہم، تاجروں اور عوامی حلقوں کا بھرپور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کی جان بچانے اور کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے عوامی تحریک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری حریت رہنماؤں کو جعلی مقدمات میں پھانس کر قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کراچی سے اسلام آباد تک عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ تاجر برادری نے کشمیر کاز کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، کشمیر مسئلہ حل نہ ہوا تو خطہ خطرناک صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد کشمیریوں پر ظلم مزید بڑھا دیا گیا، 22 جولائی کو یاسین ملک کیس کی سماعت کے دوران بھارت کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو وکیل، خاندان اور ڈاکٹر تک رسائی نہیں دی جا رہی، یاسین ملک کا میٹلک ہارٹ والو پانچ سال سے ایکسپائرڈ ہے، ان کی جان خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کیخلاف “جوڈیشل ٹیررازم” کر رہا ہے، مظفرآباد میں کشمیری رہنما کے قتل میں “را” ملوث ہے۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارتی میڈیا کشمیریوں کے قتل پر جشن منا رہا ہے، بھارت سرحد پار دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں