موسمی قصابوں کے ہاتھوں کھالیں ضائع، تاجر پریشان، قیمتیں کم

لاہور (کامرس رپورٹر) عید الضحیٰ کے تینوں دن سنت ابراہیمی کا سلسلہ جاری رہا، موسمی قصابوں نے شہر کی چمڑہ منڈی کے تاجروں کو پریشان کردیا۔
قربانی کے جانوروں کی کھالیں ضائع ہوئیں جس سے کھالوں کے دام گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہے۔ تفصیل کے مطابق ہر شے کی قیمت بلند لیکن کھالوں کی قیمتوں میں کمی ہو گئی کیونکہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں کٹنے یا ٹک لگنے لگنے سے ضائع ہوئیں ، موسمی قصاب کھال اتارنے میں اناڑی رہے ،بڑے جانور ہوں یا چھوٹے سب کی کھالیں متاثر ہوئیں، ـ عمومی طور قربانی کے جانور کی کھالیں عطیہ کی جاتی ہیں اور انہی کی قیمت کم ہوئی۔ شہر کی چمڑہ منڈی کے تاجروں نے سر پکڑ لئے اور انہوں نے کہا ایک موسم گرم ہے جس سے کھال سنبھالنا مشکل ہے ،دوسرا موسمی اور غیر تربیت یافتہ قصابوں نے کھالوں کو تباہ کر دیا۔ دس میں سے 8 یا 9 کھالیں ٹک زدہ یا کٹی ہوئی آئی ہیں۔انہوں نے کہا شہری کھالوں کا بھی خیال رکھیں، اگر مدارس یا مساجد کو عطیہ کررہے ہیں تو قصاب سے کھال بھی بہتر اتروایا کریں۔