عید پر بسیار خوری ، 30 ہزار افراد گیسٹرو میں مبتلا

عید پر بسیار خوری ، 30 ہزار افراد گیسٹرو میں مبتلا

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) عید الاضحی کے تین روز میں بسیار خوری کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہو گئی۔گزشتہ تین روز میں 30 ہزار سے زائد مریضوں نے شہر کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کیا۔

تفصیل کے مطابق میو ہسپتال میں تین روز میں 8 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔ جناح ہسپتال میں 67 سو سے زائد، سروسز ہسپتال میں 6 ہزار سے زائد مریض پہنچے ۔اسی طرح جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں بھی پانچ ہزار سے مریض رپورٹ ہوئے ۔ تمام مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر گوشت کی زیادہ مقدار اور غیر ضروری طور پر کھانے پینے کی عادت نے شہریوں کو گیسٹرو میں مبتلا کیا۔شہری پانی کی کمی سے بچنے ، خوراک میں احتیاط اور صاف ستھری خوراک استعمال کریں۔ان کا مزید کہنا تھا گوشت کی زیادتی جسم میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھانے ، متلی، اسہال، ہائی بلڈ پریشر اور نظام انہضام کی خرابی جیسے مسائل کا باعث بن سکتی ہے ۔ شہریوں کو گوشت کھانے میں احتیاط برتنی چاہیے اور ساتھ ساتھ پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے تاکہ نظام انہضام بہتر طریقے سے کام کرے ۔ انہوں نے شہریوں کو متوازن غذا اپنانے کا مشورہ دیا جس میں گوشت کے ساتھ سبزیاں بھی شامل ہوں۔ انہوں نے کہا گوشت کو پکانے سے پہلے صاف پانی سے اچھی طرح دھونا ضروری ہے تاکہ ممکنہ بیکٹیریا اور دیگر آلودگیوں سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناقص صفائی اور زیادہ چکنائی والا گوشت کھانے سے فوڈ پوائزننگ اور دیگر انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں