مال روڈ: 10 مزید مقامات پر جدید ٹریفک سگنل لگانے کی تیاری

مال روڈ: 10 مزید مقامات پر جدید ٹریفک سگنل لگانے کی تیاری

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)لاہور کی مصروف ترین شاہراہ مال روڈ پر کے فیصل چوک میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس پہلا ٹریفک سگنل نصب کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے موقع پر دورہ کر کے منصوبے کی توسیع کی منظوری دے دی۔ ٹیپا کی جانب سے لاہور میں جدید طرز کے ٹریفک سگنلز اور زیبرا کراسنگز کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ۔ فیصل چوک کے بعد مال روڈ کے طرز پر مزید 10 مقامات پر ایسے ہی سگنلز نصب کئے جائیں گے ۔منصوبے کے تحت ٹریفک سگنلز کے ساتھ زیبرا کراسنگز کو بھی یورپین سٹینڈرڈ کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا جن پر جدید لائٹس اور بیوٹی فکیشن کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق ٹیپا نے جدید طرز کے سگنلز اور زیبرا کراسنگز کیلئے پرپوزل تیار کر لیا ۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں فیصل چوک میں سگنل کی تنصیب پر 28 ملین روپے لاگت آئے گی ۔ دیگر سگنلز کو بھی بتدریج ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔لاہور کے ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے یہ ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کنٹرول بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کو محفوظ اور خوبصورت راستے میسر آئیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں