یو ای ٹی: اے کلاس ملازمین،اساتذہ کیلئے مالی امداد منظور

یو ای ٹی: اے کلاس ملازمین،اساتذہ کیلئے مالی امداد منظور

لاہور(خبرنگار)وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت یو ای ٹی کے اے کلاس ملازمین و اساتذہ کیلئے یونیورسٹی کے بناویلنٹ فنڈ کا اجلاس ہواجس میں مختلف سطحوں پر اے کلاس ملازمین اور اساتذہ کیلئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اے کلاس ملازمین کے انٹرمیڈیٹ سطح کے 23 بچوں کو ماہانہ 10,000 روپے دئیے جائیں گے جبکہ انڈرگریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ سطح کے 23 طلبا کو ماہانہ 15,000 روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ سکول کی سطح کے 95 طلبا کے لئے ماہانہ 6,500 روپے کی مالی معاونت کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ایک ملازم کی بیٹی کی شادی کے سلسلے میں 1,50,000 روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی جبکہ ایک ملازم کے ورثا کو تدفین کے اخراجات کے طور پر 20,000 روپے دئیے گئے۔ 9 ملازمین کو طبی بنیادوں پر 11,13,066 روپے کی مالی امداد منظور کی گئی۔ ایک مرحوم یونیورسٹی ملازم کی بیوہ کو سالانہ 15,000 روپے مالی امداد پانچ سال کے لئے منظور کی گئی۔ اسی طرح مرحوم ملازم کے بچوں کو، جو دورانِ سروس وفات پا گئے تھے، ماہانہ 6,500 روپے سکالرشپ کی صورت میں مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں