ڈکیتی وچوری کی متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم

قصور(نمائندہ دنیا)ڈکیتی، رہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں کی نقدی، موبائل فونز، طلائی زیورات اور موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نصیرآباد کالونی پتوکی کے قریب ڈاکوؤں نے محمداویس علی سے 2لاکھ 50ہزار نقدی، 3تولے سونا، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی۔ راؤخانوالہ کے قریب ڈاکوؤں نے صفدراقبال سے 2لاکھ نقدی اور راڈو گھڑی چھین لی۔ رجی والا آرائیاں گنڈاسنگھ والا کے قریب ڈاکوؤں نے نفیس احمد بدر سے ہزاروں کی نقدی اور موبائل فون وغیرہ لوٹ لیے ۔ اوپلاں والا کھوہ ہلہ کے قریب ڈاکوؤں نے مدثر علی سے نقدی اور موٹرسائیکل چھین لی۔چوری کی وارداتوں میں نیابازار سے دین محمد کی موٹرسائیکل ، یسٰین گارڈن کھڈیاں سے محمدسلیم کی موٹرسائیکل ،تلونڈی سے محمداشرف کی موٹرسائیکل اور دیناناتھ سے ساجد علی کی موٹرسائیکل چوری ہوگئی، پولیس مصروف کارروائی ہے۔