بجٹ میں نکاسی آب، سیوریج کے کئی جاری منصوبے فنڈز سے محروم

بجٹ میں نکاسی آب، سیوریج کے کئی جاری منصوبے فنڈز سے محروم

لاہور(شیخ زین العابدین)مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں لاہور کے ترقیاتی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے دعوے کئے جا رہے ہیں، لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہی تصویر دکھا رہے ہیں۔

واسا لاہور کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو نظرانداز کر دیا گیا ، جبکہ غیر ملکی گرانٹس اور دیگر ایجنسیوں پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق لاہور میں نکاسی آب، سیوریج اور شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے والے کئی جاری منصوبے فنڈز سے محروم رہ گئے ۔واسا لاہور کی 58 جاری ترقیاتی سکیمیں بجٹ میں تو شامل کی گئیں، لیکن ان کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص نہیں کئے جا سکے ۔ فی منصوبہ صرف 50 لاکھ روپے تک کی رقم رکھی گئی ہے ، جو ان کی بروقت تکمیل کیلئے ناکافی ہے ۔ حاجی کیمپ ڈرین منصوبہ کی تکمیل کیلئے 45 کروڑ روپے درکار ہیں، اس کیلئے بھی بجٹ میں صرف 50 لاکھ روپے رکھے گئے ۔ اسی طرح ستوکتلہ ڈسپوزل سٹیشن، پیکو روڈ پر سیوریج سسٹم کی تبدیلی، مشینری کی خریداری اور دیگر سیوریج سکیمیں بھی فنڈنگ سے محروم ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل اب صرف سپلیمنٹری گرانٹس پر منحصر ہوگی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر کے مختلف زونز میں ترقیاتی کاموں کیلئے 40 ارب 3کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔واسا کی زیر نگرانی مکمل ہونے والے ان منصوبوں میں گلبرگ زون کیلئے 30کروڑ 50لاکھ، راوی زون ون 3ارب 28کروڑ، راوی زون ٹو 2ارب 40کروڑ، گنج بخش ٹاؤن 1ارب 95کروڑ، سمن آباد زون 1ارب 15کروڑ، نشتر زون ون 3ارب 17کروڑ، نشتر زون ٹو 2ارب 79 کروڑ، شالیمار زون 40کروڑ، واہگہ زون ون 6ارب 79 کروڑ، واہگہ زون ٹو 5ارب 11کروڑ، علامہ اقبال زون 6ارب 72کروڑ اور عزیز بھٹی زون کیلئے 5ارب 77کروڑ روپے کی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔ بجٹ میں غیر ملکی گرانٹس کے ذریعے نئے منصوبے شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک ٹنل بورنگ سیوریج منصوبہ بجٹ کا حصہ بن گیا ہے، جس کی کل لاگت 14ارب 16کروڑ روپے ہے۔ اس منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال میں 29کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ اسی طرح سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ جس کی کل لاگت 21 ارب 4کروڑ 87لاکھ روپے ہے، اس کیلئے 29 کروڑ 29لاکھ روپے رکھے جا رہے ہیں۔بابو صابو میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے بھی 2 کروڑ 46 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں