سڑکوں کے بجٹ میں 25 ارب کی کٹوتی

سڑکوں کے بجٹ میں 25 ارب کی کٹوتی

لاہور(شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں روڈ سیکٹر کیلئے مختص فنڈز میں 25 ارب کی نمایاں کمی کر دی۔ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے روڈ سیکٹر بجٹ میں 2 سال کے دوران 27 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی۔

 دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 2025-26 میں روڈ سیکٹر کے لئے 120 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو کہ گزشتہ دو برس کے مقابلے میں واضح کمی ہے ۔مالی سال 2023-24 میں روڈ سیکٹر کا بجٹ 147 ارب روپے رہا جبکہ 2024-25 میں معمولی کمی کے ساتھ 145 ارب روپے رکھے گئے ۔تاہم تازہ بجٹ میں یہ رقم کم کر کے 120 ارب روپے کر دی گئی جس سے صرف 2سال میں 27 ارب روپے کی مجموعی کٹوتی سامنے آئی ۔اگر گزشتہ8سال کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تومالی سال 2018-19 میں 30 ارب روپے مختص کئے گئے ۔2019-20 میں بجٹ بڑھا کر 35ارب روپے کیا گیا۔2020-21 میں یہ دوبارہ 30ارب روپے کی سطح پر آ گیا۔ 2021-22 میں واضح اضافہ ہوا، رقم 58 ارب روپے تک جا پہنچی،2022-23 میں بجٹ مزید بڑھا کر 81 ارب روپے رکھا گیاپھر، 2023-24 میں روڈ سیکٹر کا اب تک کا سب سے بڑا بجٹ 147 ارب روپے دیا گیا جسے اگلے سال 145 ارب کر کے برقرار رکھا گیا لیکن 2025-26 میں یہ رقم کم ہو کر 120 ارب روپے کر دی گئی ۔روڈ سیکٹر کیلئے سب سے زیادہ فنڈز مالی سال 2023-24 میں جاری کئے گئے جبکہ حالیہ بجٹ میں نمایاں کمی نے جاری منصوبوں پر منفی اثرات کے خدشات پیدا کر دئیے ہیں۔بزدار دور حکومت میں یہ بجٹ سالانہ 30سے 35 ارب روپے کے درمیان محدود رہا جبکہ موجودہ حکومت کے پہلے بجٹ 2024-25 میں 145 ارب اور دوسرے بجٹ 2025-26 میں 120 ارب روپے مختص کئے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں اس کمی کے باعث روڈ سیکٹر میں جاری کئی منصوبے یا تو سست روی کا شکار ہو سکتے ہیں،یا مکمل التوا میں جا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں