کم عمری شادیوں کیخلاف سینکڑوں درخواستیں : نکاح رجسٹرار کے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
لاہور(عمران اکبر)لاہور سمیت صوبہ بھر میں نکاح رجسٹرار کی مبینہ ملی بھگت سے کم عمری شادیوں کاانکشاف ہوا ہے، محکمہ بلدیات نے نکاح رجسٹراروں کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا۔۔۔
کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لئے نکاح رجسٹراروں کا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 90 فیصد سے کم نمبر لینے والے رجسٹراروں کا لائسنس کینسل کر دیا جائے گا،ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔ تفصیل کے مطابق محکمہ بلدیات کو کم عمری شادیوں کیخلاف سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئیں۔نکاح رجسٹراروں کی خلاف ضابطہ شکایات پر محکمہ نے نوٹس لے لیا، کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لئے فیلڈ افسروں کو احکامات جاری کر دئیے گئے۔ نکاح رجسٹرار اپنی متعلقہ یونین کونسل کے علاوہ کسی یونین کونسل کا لائسنس نہیں رکھ سکتا۔ایڈوائزری کے مطابق کوئی بھی نکاح رجسٹرار جس کے خلاف کوئی بھی مقدمہ درج ہے وہ اہل نہیں ہوگا۔سمارٹ فون اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ہی نکاح رجسٹرار کا اہل ہو گا۔ لائسنس حاصل کرنے کے لئے نکاح اورچائلڈ رولز وغیرہ کا ٹیسٹ دے گا۔90 فیصد نمبر حاصل کرنے پر لائسنس جاری ہو گا ورنہ کینسل تصور ہو گا۔ غیر کوالیفائڈ شخص نکاح رجسٹرار نہیں رہے گا۔ رجسٹرار دلہا دلہن کے کاغذات،نکاح پرت متعلقہ یونین کونسل میں 15 دن کے اندر جمع کر انے کا پابند ہو گا۔ نکاح پرت جمع نہ کر انے پر لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔نکاح رجسٹرار کم عمری شادی کے مشتبہ کیسز کی فوری اطلاع دینے کا پابند ہو گا۔چائلڈ میرج کے واقعہ کی رپورٹ حتمی شکل دے کر محکمہ کو ارسال کی جائے گی۔لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔