پرویز رشید کے خلاف آڈٹ پیرا ختم کرنے کی ہدایت
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹیII کا اجلاس۔اجلاس چیئرمین سید علی حیدر گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کے خلاف پنجاب ہائوس میں قیام کے دوران رقم کی ادائیگی نہ کرنے کا الزام ثابت نہ ہوسکا۔
پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے مسلم لیگ ن کے پرویز رشید کے خلاف پنجاب ہائوس کو ادائیگی نہ کرنے کا آڈٹ پیرا نمٹا دیا۔پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے چیئرمین علی حیدر گیلانی نے سیکرٹری مواصلات سمیت دیگر افسران کے موقف سننے کے بعد پرویز رشید کے خلاف آڈٹ پیرا ختم کرنے کی ہدایت کی۔ایجوکیشن کے زیر غور معاملات میں زائد ادائیگیاں، 6 کروڑ روپے سے زائد کے ٹیکس و یوٹیلیٹی چارجز کی عدم وصولی، 29 کروڑ 84 لاکھ روپے کی بے ضابطہ بھرتیاں، غیر مجاز تنخواہیں، غیر شفاف خریداری اور سول ورک شامل تھے ۔ چیئرمین نے زائد ادائیگیوں کی وصولی، بھرتیوں کی انکوائری اور رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات دیں۔ کچھ پیراز نمٹا دیے گئے جبکہ دیگر وضاحت کے لیے مؤخر ہوئے ۔چیئرمین نے ورکنگ پیپر میں اہم تفصیلات کے فقدان پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے دستاویزات بہتر بنانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں ممبران عدنان افضل چٹھہ، عمران خالد بٹ ، سردار محمد اویس دریشک، نیلم جبار چودھری اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر، رجسٹرار، چیف انجینئر، ڈی جی آڈٹ اور فنانس افسران نے شرکت کی۔