اقلیتی بچوں کے مابین رنگا رنگ کھیلوں کے مقابلے

اقلیتی بچوں کے مابین رنگا رنگ کھیلوں کے مقابلے

لاہور(خبرنگار)ہفتہ اقلیت، جشنِ آزادی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلے میں محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور اور کرسچن کونسل پاکستان کے باہمی اشتراک سے پنجاب سٹیڈیم، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں مذہبی اقلیتی بچوں کے مابین رنگا رنگ کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔

مقابلے سہ پہر 04 بجے شروع ہوکر رات 09 بجے تک جاری رہے، جن میں لاہور بھر کے مختلف گرجا گھروں بالخصوص سجاؤ چرچ یوحنا آباد اور ایف جی اے چرچ ناگرہ ٹاؤن سے منسلک 500 سے زائد لڑکے اور لڑکیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ کھیلوں کے مقابلوں میں سپورٹس کوآرڈینیٹر دانش مبارک نے انتظامات یقینی بنائے جبکہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں بالخصوص اولمپئن سہیل سسٹرز کی موجودگی نے ایونٹ کو مزید شاندار بنا دیا۔ مقابلوں میں کرکٹ، فٹ بال، باکسنگ، رسہ کشی، بیڈمنٹن، کک باکسنگ، پاور لفٹنگ سمیت دیگر کھیل شامل تھے ۔سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ نے کھیلوں کے مقابلوں میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے دوران اپنے خطاب میں تمام کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی تمام کمیونیٹیز یکجہتی اور محبت کے رشتے میں بندھی ہوئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں