ایل ڈ ی اے :بیشتر منظور شدہ منصوبے فائلوں تک محدود
انجینئرنگ ونگ کی کارکردگی پر سوالات ،سکیموں کی نئی ترجیحات طے ہونیکاامکان
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انجینئرنگ ونگ اپنے ہی مالی سال کے روڈ میپ پر عملدرآمد نہ کر سکا۔گزشتہ مالی سال کے ایل ڈی اے بجٹ میں 34نئی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی تھی۔تاہم فنڈز کی کمی، ترجیحات میں تبدیلی اور انتظامی تاخیر کے باعث بیشتر منظور شدہ منصوبے آغاز سے قبل ہی فائلوں تک محدود رہ گئے ۔ بجٹ میں نئی سکیموں کیلئے ایک ارب 71 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، مگر عملاً ان میں سے بیشتر منصوبوں پر کام شروع نہ ہو سکا۔ عبدالحق روڈ کی مرمت اور بحالی، ابوذر غفاری روڈ کی ری سرفیسنگ اور خیابان فردوسی سے شوکت خانم ہسپتال تک واک ویز کی تعمیر کے منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔ایل ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے سکیموں کی ترجیحات ازسرِ نو طے کیے جانے کا امکان ہے ۔