اساتذہ کو دوماہ سے سوشو اکنامک سروے کا معاوضہ نہ مل سکا
عدم ادائیگی سمیت دیگرمسائل پر پنجاب ٹیچرز یونین نے کل احتجاج کی کال دیدی
لاہور(خبر نگار)سوشو اکنامک سروے کی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ دو ماہ سے معاوضوں سے محروم،اساتذہ کو معاوضوں کی ادائیگی اور سکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل پرپنجاب ٹیچرز یونین نے کل پریس کلب کے باہر 2 بجے احتجاج کی کال دے دی۔صدر پنجاب ٹیچرز یونین وحید مراد یوسفی کا کہنا ہے کہ وفاق کی طرز پر 30 فیصد ڈی آر اے دینے کے احکامات کا اجراسمیت پنشن میں وفاق کے مساوی اضافہ کیا جائے ۔ پنشن، گریجویٹی، ریگولرائزیشن ایکٹ 2018، رول 17 اے اور لیوانکیشمنٹ پر لگائی گئی قدغنوں کو واپس لیاجائے ۔سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کی پالیسی پر نظر ثانی ، عرصہ دراز سے خالی پوسٹوں پر مستقل بنیادوں پر بھرتی کی جائے ۔ سالہا سال سے مستقلی کے منتظر ایس ایس ایز اور اے ای اوز کو حسب وعدہ مستقل کیاجائے ۔ لیٹ بی ایڈ، ماسٹر فزیکل ایجوکیشن اور فائن آرٹ کی بنیاد پر برطرف کئے گئے ایجوکیٹرز کو بحال کیا جائے ۔سالہا سال سے منجمد ہاؤس رینٹ، کنوینس اور میڈیکل الاؤنس میں بھی اضافہ کیا جائے ۔