شریف شہریوں کو لوٹنے والا جعلی پولیس ملازم گرفتار
وسیم لوگوں کو ڈرا دھمکا کر اپنے اکائونٹ میں پیسے ٹرانسفر کرواتا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں چوکی نادر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شریف شہریوں کو لوٹنے والا جعلی پولیس ملازم گرفتار کرلیا۔ایس پی کینٹ کی ہدایت پر انچارج چوکی نادر آباد علی نقی اور اسلم اے ایس آئی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی میں جعلی پولیس ملازم وسیم کو شہریوں سے لوٹی ہوئی بھاری رقم سمیت گرفتار کرلیا۔ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملزم وسیم جعلی پولیس ملازم بن کر شریف شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اپنے اکائونٹ میں پیسے ٹرانسفر کرواتا تھا، ملزم پیسے ٹرانسفر نہ کروانے پر مقدمات درج کرنے اور کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔محکمہ پولیس کو بدنام کرنیوالے جعلی پولیس ملازمین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔