ٹرمپ کا لبنان میں 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں 10 روز کیلئے جنگ بندی کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے لبنان کے صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ انتہائی شاندار گفتگو کی ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے درمیان امن کے حصول کے لیے 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، جو منگل کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے نافذ ہوگی۔
.jpg)
انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں کی 34 سال بعد پہلی ملاقات ہوئی، جس میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈین کین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر دیرپا امن کے لیے کام کریں۔
امریکی صدر نے مزید کہاکہ وہ دنیا بھر میں 9 جنگوں کے خاتمے میں کردار ادا کر چکے ہیں اور یہ ان کی 10ویں کوشش ہے، جسے وہ مکمل کرنے کے خواہش مند ہیں۔