راولپنڈی، اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے آج رات سے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ دوسرے دور کے مذاکرات کے تناظر میں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم انتظامی فیصلے کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آج رات 11 بجے سے ٹرانسپورٹ اڈوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ رینٹ اے کار اور ٹورازم ٹرانسپورٹ سروسز بھی اسی وقت سے معطل کردی جائیں گی۔

ضلعی انتظامیہ نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کردی ہے کہ تاحکم ثانی راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے کسی قسم کے ٹکٹ جاری نہ کیے جائیں۔

حکام کے مطابق کل سے موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کو دونوں شہروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تاہم اشیائے خورونوش کی سپلائی متاثر نہ ہونے کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کو جاری رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں