ڈولفن :ڈکیتی ، چوری میں ملوث 8 عادی ملزم گرفتار
ملزمان متعلقہ تھانوں شالیمار، ڈیفنس بی، شاہدرہ اور لوئر مال کے حوالے
لاہور (اے پی پی) لاہور میں عیدالفطر کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے عید پٹرولنگ پلان پر عملدرآمد جاری ہے ۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق شہر بھر میں کرائم ہاٹ سپاٹس پر ڈولفن سکواڈ کی پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے ۔چیکنگ کے دوران پولیس کو مطلوب سنیچنگ، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 8 لسٹڈ عادی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کو شالیمار، ریس کورس، شاہدرہ، ڈیفنس اور دیگر علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار مشکوک افراد کریمنل ریکارڈ کے مطابق لسٹڈ ٹی اوز نکلے ، جو مختلف سنگین جرائم میں ملوث اور کئی گروہوں کے سرغنہ ہیں۔ گرفتار ملزمان میں مدثر، امانت، عدنان، حمزہ، اعظم، بوٹا، کاشف اور شیراز شامل ہیں، جو متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے ۔تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں شالیمار، ڈیفنس بی، شاہدرہ اور لوئر مال کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ایس پی ڈولفن اظہر جاوید نے ہدایت کی ہے کہ عید کے دنوں میں پبلک اجتماعات، پارکوں اور رش والی جگہوں کے اطراف خصوصی پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔